امراء غریبوں کی وجہ سے نوازے جاتے ہیں ، اس بات کو نہ بھولیں : ڈاکٹر تاج الدین انصاری
نئی دہلی،2 جولائی؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر اور ایس سی کمیشن کے سابق قومی رابطہ کار ڈاکٹر تاج الدین انصاری نے آج میڈیا کو جاری ایک بیان میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں لوگوں سے خیر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے ۔ ڈاکٹر تاج الدین انصاری نے اس موقع پر کہاکہ اللہ نے امیروں کو غریبوں کی مدد کے لئے پیدا کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر امراء یہ سمجھتے ہیں کہ رزق انہیں ان کی قابلیت کی بنیاد پر ملتا ہے تو یہ ان کی سب سے بڑی بھول ہے ۔ مسٹر انصاری نے کہاکہ رزق امراء کو کمزورں کی وجہ سے دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہر طاقت والے کی ذمہ داری ہے کہ وہ کمزور کی مدد کرے ۔ اب چاہے وہ طاقت مالی ہو یاجسمانی ۔ ڈاکٹر انصاری نے لوگوں سے فائیو اسٹار افطار پارٹیوں سے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ اس سے بہتر ہے کہ وہ کمزوروں ، یتیموں، بیواؤں ، مسکینوں اور مزدوروں میں افطار کٹ کا اہتمام کریں ۔ مسٹر انصاری نے کہاکہ افطارپارٹیوں میں اکثر وہی لوگ شریک ہوتے ہیں جو خود کفیل ہوتے ہیں اس لئے ایسی افطار پارٹیوں کے بجائے کمزوروں کا سہارا بننا چاہئے ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کے مہینے میں خیر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ ڈاکٹر انصاری نے کہاکہ یہ مقدس مہینہ سال میں ایک بار آتا ہے مگر اس میں نوافل کا ثواب فرائض کے برابر ہوتا ہے اور فرائض کا ثواب ستر گنا ہوجاتا ہے اور یہی معاملہ تمام کاموں میں ہوتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبار ک میں ہمیں جو ٹریننگ ملی ہے سال بھر ہمیں ا س کے مطابق زندگی گذارنی چاہئے ۔ ڈاکٹر انصاری نے کانگریس پارٹی کے ذریعہ افطار کی دعوت نہ کرکے غریبوں میں افطار کٹ تقسیم کئے جانے کے موقف کی تائید کرتے ہوئے دیگر لوگوں سے بھی اسی راستہ پر چلنے کی اپیل کی ۔